2 فروری 2015 - 06:34
دہشت گردی کے خلاف جنگ، شامی حکومت کی ترجیحات

شام کے وزیراعظم وائل الحلقی نے دہشت گردی سے مقابلے اور اقتصادی مسائل کے حل کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں قرار دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کے وزیراعظم وائل الحلقی نے دہشت گردی سے مقابلے اور اقتصادی مسائل کے حل کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں قرار دیا ہے۔ شام کے وزیر اعظم نے ملک کی نویں پارلیمنٹ کے پہلےاجلاس میں تقریرکرتے ہوئےکہا کہ سبھی دہشت گرد گروہوں کا دوہزار پندرہ کے آخرتک ملک سے صفایا کردیا جائے گا – انہوں نے کہا کہ شام دہشت گردی کے خلاف انجام پانے والی ہر عالمی جد وجہد اور کوشش کی حمایت کرتا ہے- شامی وزیراعظم وائل الحلقی نے روٹی، ایندھن اور بعض دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین اورخاص طور پرفوج کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائےگا- انہوں نے کہا کہ شام کی حکومت مغرب کی اقتصادی پابندیوں کے برخلاف عوام کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں انجام دے رہی ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ شام کی حکومت اپنے ملک پر مسلط کردہ عالمی دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہونے کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امان کی صورتحال اور معیشت کو بہتر بنانے میں پوری طرح کوشاں ہے ۔ شام کے وزیر اعظم نے ملک کی کرینسی کی قدرمیں اتار چڑھاؤ کو روکنے کے لئے شام کے مرکزی بینک کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک کی کرینسی لیرہ کی قدر میں استحکام لانے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے- انہوں نے کہاکہ جلد ہی حکومت ساڑھے اٹھارہ ارب لیرہ صوبوں کے درمیان تقسیم کرے گی- ادھر اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشارجعفری نے روس کے نائب وزیر خارجہ گنادی گیتلوف کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ماسکو میں شام سے متعلق ہونے والے دوسرے دور کے مذاکرات میں دمشق کی حکومت شرکت کرے گي - دوسری جانب شامی فوج نے ادلب اور مشرقی حمص کے بعض دیہی علاقوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں اور ان کی گاڑیوں کو تباہ کردیا۔ اس درمیان دمشق کے بازار حمیدیہ کے نزدیک لبنانی زائرین کی ایک بس کے راستے میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں کم از کم چھ زائرین جاں بحق اور بائيس دیگر زخمی ہوگئے۔ دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

.......

/169