اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران اور تین یورپی ملکوں جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے درمیان چار فریقی ایٹمی مذاکرات ترکی کے شہر استنبول میں شروع ہو گئے ہیں۔استنبول سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یہ مذاکرات اسلامی جمہوریہ ایران، مذکورہ تین یورپی ملکوں کے نائب وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کی معاون کی موجودگی میں ماہرین کی سطح پر ہو رہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ سیدعباس عراقچی نے مذاکرات شروع ہونے سے قبل کہا کہ ہماری نظر میں مذاکرات میں سبھی موضوعات خاص ہیں اور ہم تمام مسائل کے بارے میں بات چیت کریں گے البتہ دو موضوع یورینیم کی افزودگی اور پابندیاں، ہمارے اصلی موضوع ہیں کہ جن پر ہم گفتگو کریں گے۔
ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ہر اجلاس میں تمام موضوعات کا جائزہ لیا جائے گا، کہا کہ آج کی میٹنگ میں تین یورپی ملکوں کے ساتھ ہمارے چار فریقی مذاکرات بھی ہوں گے اور دو طرفہ اور چند جانبہ بھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقصد یہ ہے کہ کم وقت میں مسائل کو حل کر سکیں اور اختلافات کے حل کی کوئی راہ تلاش کر سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169