اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کے جوزجان اور کنڑ صوبوں کے عوام نے پیر کے روز شارلی ہیبڈو میگزین کے ذریعے پیغمبراسلام (ص) کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف مظاہرے کرکے کابل میں فرانسیسی سفارتخانہ بند کرنے کامطالبہ کیا۔ مظاہرین نے شارلی ہیبڈو میگزين سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے اس میگزین اور اس کی حمایت کرنے والوں کے خلاف نعرے لگائے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی افغانستان کے صوبوں ننگرھار اور پکتیا کے طلبا نے فرانسیسی جریدے کے توہین آمیز اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کابل میں فرانسیسی سفارتخانہ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ افغانستان کے صدر محمداشرف غنی نے بھی شارلی ہیبڈو میگزین کے اہانت آمیز اقدام کی مذمت کی ہے۔ واضح رہے کہ شارلی ہیبڈو میگزین نے پیریس میں اپنے دفتر پر سات جنوری کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد آزادی بیان کی حمایت کے بہانے ایک بار پھر پیغمبر اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں توہین آمیز خاکہ شائع کیا ہے، جس سے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتاہے اور پوری دنیا میں اس کے خلاف مظاہروں اور مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲