اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ میں خاتون ممبران کے دھڑے نے اتوار کو ایک بیان میں پیغمبر اسلام (ص) کے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پرمبنی شارلی ایبدو میگزین کے اقدام کی مذمت کی اور کہا کہ عالمی صہیونزم اور بعض مغربی حکومتوں کو عالم اسلام کے اتحاد سے خوف لاحق ہے اسی بناء پر وہ اس طرح کا غیر اخلاقی اقدام کررہی ہیں۔ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کےمطابق خاتون ممبران پارلیمنٹ کے بیان میں کہا گیاہے کہ پیغمبر اسلام کی شان میں توہین کے سبب آج پورے عالم اسلام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور یہ توہین، مسلمانوں میں دشمنان اسلام سے نفرت و بیزاری میں شدت پیدا کررہی ہے۔ واضح رہے کہ فرانسیسی جریدے شارلی ایبدو نے، اپنے دفتر پر حملے کے بعد جس میں بارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے، آزادی بیان کے بہانے اور مغربی حکومتوں کی ایماء پر پیغمبر اسلام کے توہین آمیز خاکوں کو شائع کیا جس کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج بنا ہوا ہے۔
.......
/169