24 جنوری 2015 - 05:22
پابندیاں جوہری سمجھوتے کے حصول میں رکاوٹ کا باعث بنیں گی

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے خبردار کیا ہے کہ نئی پابندیاں، جوہری سمجھوتے کے حصول میں رکاوٹ کا باعث بنیں گی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے تہران کے خلاف کسی بھی قسم کی نئی پابندیوں کی منظوری پر امریکی کانگریس کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامع جوہری سمجھوتے کے حصول میں، کسی بھی طرح کی رکاوٹ پیدا کرنے سے مکمل طور پر گریز کئے جانے کی ضرورت ہے- انھوں نے ڈیووس میں اپنے قیام کے دوران  اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکی کانگریس نے اگر کوئي ایسا قدم اٹھایا کہ جس سے جوہری سمجھوتے کے حصول میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، تو ایران کی پارلیمنٹ بھی، جوابی اقدام عمل میں لائے گی-  محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکی کانگریس نے اگر ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کئے جانے کی منظوری دی تو یورینیم کی افزودگی میں اضافے کے حوالے سے ایران کی پارلیمنٹ میں بھی بل پیش ہوجائے گا- انھوں نے ایکبار پھر کہا کہ جامع جوہری سمجھوتہ، طے کئے جانے کی کوشش جاری ہے اور مقابل فریق کی جانب سے نیک نیتی کے اظہار کی صورت میں یہ سمجھوتہ طے بھی پاسکتا ہے مگر کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جانا چاہئے کہ جس سے اس سمجھوتے کے حصول میں مزید مسائل پیدا ہوں-

.......

/169