10 جنوری 2015 - 10:01
ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے امریکی ٹیم معین

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات کے لئے امریکی مذاکراتی ٹیم معین کردی گئي ہے۔

 اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  ایسنا کی رپورٹ کے مطابق جین ساکی نے کہا ہے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین امریکی ٹیم کی سربراہ ہونگي اور پندرہ سے سترہ جنوری تک جینوا میں ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں شریک ہونگي۔جین ساکی نے کہا کہ نائب وزیر خارجہ بیل برنز اور امریکی حکومت کے سینئر مشیر جیک سلیوان بھی مذاکراتی ٹیم میں شامل ہیں۔ ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہےکہ ‏جینوا میں مذاکرات کا نیا دور شروع ہونے سے قبل ایرانی مذاکراتی ٹیم امریکہ اور روسی ٹیموں سے ملاقات کرےگي اور ان ملکوں کے وفود سے مذاکرات کی تاریخیں معين کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ روسی نائب وزیر خارجہ اور روسی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ سرگئی ریابکوف بارہجنوی کو ایرانی حکام سے ملاقات اور مذاکرات کی غرض سے تہران آئيں گے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف چودہ جنوری کو امریکی وزیر خارجہ سے مذاکرات کرنے جینوا جائيں گے۔  واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ نے گذشتہ برس حتمی معاہدے تک نہ پہنچنے کی بنا پر مذاکرات کی مدت میں مزید سات مہینے کی توسیع کی تھی۔ مذاکرات کا آخری دور شہر جینوا میں پندرہ سے سترہ دسمبر تک چلا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲