اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے فوجداری کی بین الاقوامی عدالت کی رکنیت پر مبنی فلسطین کی درخواست منظورکرلی ہے اور اس طرح فلسطین کو بدھ کے روز سے باضابطہ طور پراس عدالت کی رکنیت حاصل ہوگئی ہے –
اطلاعات کے مطابق اس فیصلے سے اب آئندہ یکم اپریل سے اس بین الاقوامی عدات کی طرف سے فلسطینی علاقوں میں ہونے والے سنگین جرائم کے بارے میں تحقیقات کا امکان پیدا ہوجائے گا –
بان کی مون نے منگل کی رات کو بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ فلسطین اس سال یکم اپریل سے فوجداری کی بین الاقوامی عدالت کے اصول و قوانین کے دائرے میں آجائے گا - فلسطین کو فوجداری کی بین الاقوامی عدالت کی رکنیت ملنے سے حالیہ غزہ جنگ کے دوران ہونے والے اسرائيلی جرائم کے بارے میں تحقیقات کی راہ ہموار ہوگئي ہے اور اس طرح ہیگ میں واقع اس بین الاقوامی عدالت کو غزہ اور غرب اردن میں انجام دئيے گئے جرائم کی وجہ سے صیہونی حکومت پر مقدمہ چلانے کا اختیار حاصل ہوگیا ہے –
واضح رہے کہ فوجداری کی بین الاقوامی عدالت نے دو ہزار دو میں روم منشور جاری کرکے اپنے کام کا آغاز کیا تھا اور یہ عدالت نسل کشی اور انسانیت سوز اور جنگی جرائم کے بارے میں تحقیقات کرنے والی پہلی مستقل بین الاقوامی عدالت ہے -
.......
/169