8 جنوری 2015 - 12:00
ایران اور فرانسیسی مسلمانوں نے پیرس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کر دی

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بدھ کو شارلی ایپڈو میگزین کے دفتر پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اسلامی تعلیمات کے خلاف اقدامات قرار دیا ہے۔  انہوں نے صدر حسن روحانی کے دہشت گردی سے پاک دنیا کے نظریہ پر عمل در آمد پر زور دیا۔ مرضیہ افخم نے اس بات کی امید ظاہر کی ہے کہ دنیا کے سیاسی رہنما مشترکہ پالیسی اختیار کرتے ہوئے دوغلے معیار کی پالیسی کو ترک کر دیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے حتمی کوششیں کریں۔

دوسری جانب فرانسیسی مسلمانوں نے شارلی ایپڈو میگزین کے دفتر پر حملے کی شدید الفاظ ا میں مذمت کی ہے۔

فرینچ مسلم کونسل سي ایف سی ایم نے بدھ کو ایک بیان جاری کر کے پیرس میں شارلی ایپڈو میگزین کے دفتر پر کیے گئے حملے کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے اسے جمہوریت پر حملہ قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

فرینچ مسلم کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ دنیا کے کشیدہ ماحول میں، جو خود کو اسلام کا نمائندہ بتانے والے کچھ دہشت گرد گروہوں کی تشدد آمیز کارروائیوں کے نتیجہ میں وجود میں آیا ہے، ہم لوگوں سے صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہیں۔ اس بیان میں مسلمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ انتہا پسند گروپوں کے بہکاوے میں بالکل نہ آئیں۔

قابل ذکر ہے کہ بدھ کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک طنزیہ میگزین شارلی ایپڈو کے دفتر پر حملہ کیا تھا جس میں 12  افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ فرانس میں 40 لاکھ سے زیادہ مسلمان رہتے ہیں۔

.......

/169