7 جنوری 2015 - 09:38
اتحاد وحدت کے لئے، وسعت قلبی اورباہمی شناخت کی ضرورت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ اتحاد و وحدت کے لئے وسعت قبلی، ایک دوسرے کی شناخت اور باہمی مدد و حمایت کی ضرورت ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے آج تہران میں 28 ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس میں پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفی (ص) اور حضرت امام جعفر صادق (ع) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام میں وحدت کی برقراری کے لئے حتمی طور پر مفادات کے ٹکراؤ کو ختم کرنا ہوگا اور عالم اسلام کے مشترکہ خطرات کو ایک دوسرے پر واضح کرنا اور ان کو سب کے لئے خطرہ سمجھنا چاہۓ

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے وحدت کے حصول کے لئے عالم اسلام کے عملی تعاون اور ایک ہی دین کی شاخوں کے طور پر تمام مذاہب کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرنے پر تاکید کرتے ہوئے، اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے قول و فعل میں وحدت کو ضروری قراردیا۔

صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے گذشتہ ایک سال کے دوران عالم اسلام میں قتل عام، ناقابل یقین واقعات اور کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام میں وحدت صرف وحدت کے لفظ کی تکرار کے ساتھ پیدا نہیں ہوگی اور وحدت اسلامی کانفرنس کا انعقاد صرف اتحاد و وحدت اور یکجہتی کے دشوار راستے کو طے کرنے کا آغاز ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدمصطفی (ص)، راہ اخلاق، مادی و معنوی زندگی کی ترقی و پیشرفت اور اسلامی تمدن کو وجود میں لائے ہیں اور آنحضرت (ص) نے الہی وحی کے دائرے میں اسلامی امت واحدہ کی تشکیل کی، کہا کہ اگر تمام مذاہب کا راستہ ایک مقصد کے لئے ہو تو وحدت امکان پذیر ہے، لیکن اگر بعض مذاہب اہداف کے راستے میں اور بعض کسی دوسری سمت کا تعیّن کریں تو وحدت حاصل نہیں ہوسکتی۔

واضح رہے کہ 28 ویں وحدت اسلامی کانفرنس صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے خطاب سے آج سے تہران میں شروع ہوئی ہے۔

.......

/169