23 دسمبر 2014 - 08:55
امام رضا (ع) کی شہادت کی برسی کے موقع پر لاکھوں زائرین نے پیش کیا خراج عقیدت

شیعوں کے آٹھویں امام حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کی برسی پر ایران بھر سوگوار اور ‏عزادار ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور ان کے اہل بیت سے عقیدت رکھنے والے مسلمان حضرت امام رضا کی شہادت کی برسی پر سراپا عزادار ہیں۔

اس موقع پر مقدس شہر مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے مقدس روضہ پر دسیوں لاکھ عقیدت جمع ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق امام رضا کی شہادت کی برسی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب میں حصہ لینے کے لئے سات لاکھ سے زیادہ غیر ملکی عقیدت مند مشہد مقدس پہنچے ہیں، جب کہ مجموعی طور پر تیس لاکھ سے زیادہ عقیدت مند اس وقت مشہد مقدس میں موجود ہیں جن میں سے بہت سے لوگ کئی کئی دن پیدل چل کر مشہد مقدس پہنچے ہیں.

اسی طرح ایران کے ایک اور مقدس شہر قم میں بھی امام رضا علیہ السلام کی بہن حضرت فاطمہ معصومہ علیہا السلام کے حرم میں بھی بڑی تعداد میں عزادار موجود ہیں اور ماتمی انجمنیں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہی ہیں۔

ان دونوں ہی مقامات پر پیر کی رات سے مجالس اور تقریبا کا انعقاد شروع ہو گیا تھا جو اس وقت بھی جاری ہے۔

ذاکرین اور مقررین امام رضا علیہ السلام کی حیات طیبہ مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال رہے ہیں.

ایران کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہی علاقوں میں بھی پیغمبر اسلام کے پوتے حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کی یاد میں مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

.......

/169