19 دسمبر 2014 - 19:47
پاکستان، آرمی چیف اور وزیر اعظم کی اہم ملاقات

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف نے روالپنڈی میں ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اس ملاقات میں ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ سانحہ پشاور کے بعد کے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کے روز پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں بتیس بچوں سمیت ڈیڑھ سو کے قریب افراد جانبحق ہوگئے تھے۔ کہا جارہا ہے کہ اعلی فوجی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم کو ملک کی داخلی سیکورٹی پر بریفنگ بھی دی گئی۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی جانب سے نواز شریف کو اپنے حالیہ دورہ افغانستان میں افغان قیادت سے ملاقاتوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیاگیا۔ یاد رہے کہ اس ملاقات سے چند گھنٹے قبل ہی آرمی چیف نے چھے دہشت گرودں کی پھانسی کی منظوری دی ہے۔
ان دہشت گردوں کو آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے کےاندر پھانسی دیئے جانے کا امکان ہے۔ ان مجرموں کی فوجی عدالتیں پہلے ہی سزا سنا چکی ہیں۔ حکومت پاکستان نے یورپی یونین کےدباؤ میں ملک میں سزائے موت کے قانون پر عملدرآمد روک دیا تھا لیکن سانحہ پشاور کےبعد اس سزائے موت کے قانون کو ایک بار پھر بحال کرنے اعلان کیا گيا ہے۔

.......

/169