19 دسمبر 2014 - 12:46
سانحہ پشاور کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، شیخ نیئر عباس مصطفوی

ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے رہنما نے سانحہ پشاور کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک عزیز میں تکفیری گروہوں اور ان کی سرپرستی کرنے والی کالعدم جماعتوں کو نواز حکومت کی حمایت حاصل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ معصوم طالبعلموں کا قتل عام دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اسلام کے نام پر اپنی من پسند شریعت کے نفاذ کی خاطر معصوم زندگیوں کو نشانہ بنا کر پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ یہ تکفیری گروہ پورے ملک میں کالعدم جماعتوں کی چھتری تلے گھناؤنے جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اور حکومت اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے دہشت گردوں کے آگے بےبس دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک عزیز میں تکفیری گروہوں اور ان کی سرپرستی کرنے والی کالعدم جماعتوں کو نواز حکومت کی حمایت حاصل ہے، حکومت اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ان کے خلاف بھرپور کاروائی سے گریزاں نظر آتی ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے واضح پالیسی اور سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر دہشت گردوں اور ان کے سرغنوں کے بھرپور کاروائی سے ہی پاکستان کو دنیا کے سامنے رسوا ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردوں کے سرغنوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جائیگا تب تک دہشت گردانہ کاروائیاں ہوتی رہیں گی اور معصوم زندگیوں کا چراغ گل ہوتا جائیگا۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ سے اپیل کی کہ وہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار وسیع کر کے پورے ملک میں فوجی آپریشن کیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169