18 دسمبر 2014 - 10:51
ایران اورچھے بڑی طاقتوں کےدرمیان مذاکرات کاایک اوردورمکمل

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے نئے دور کے ایٹمی مذاکرات کو بہت مفید قرار دیا ہے -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سید عباس عراقچی نے بدھ کے روز ان مذاکرات کے اختتام پر کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان نائب وزرائے خارجہ کی سطح کے اگلے دور کے مذاکرات آئندہ ماہ جنوری میں ہوں گے -

ابھی مذاکرات کی جگہ کا تعین نہیں ہوا ہے - اس سے پہلے روس کے نائب وزیر خارجہ اور ایٹمی مذاکرات میں روس کے نمائندے سرگئی ریابکوف نے بھی مذاکرات کے عمل کو امید افزا قراردیا تھا- ان کا کہنا تھا کہ اگلے دور کے مذاکرات جنوری کے اواسط میں ایران سے ہم آہنگی کے بعد معین ہونے والے مقام پر ہوں گے -

قابل ذکر ہے کہ ایران کی مذاکراتی ٹیم سید عباس عراقچی کی قیادت میں نئے دور کے مذاکرات میں شرکت اور جامع معاہدے کے حصول کے سلسلے میں صلاح و مشورے کے لئے پیر کی صبح جنیوا روانہ ہوئي تھی -

ایران کی مذاکراتی ٹیم نے پیر اور منگل کو امریکی وفود کے ساتھ تین نشستوں میں اور مجموعی طور پر بارہ گھنٹے نا‏ئب وزرائے خارجہ اور ماہرین کی سطح کے مذاکرات انجام دئیے تھے -

ایرانی ٹیم نے گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ اپنا صلاح و مشورہ جاری رکھتے ہوئے منگل کی رات کو فرانسیسی وفود کے ساتھ دو گھنٹے تک بات چیت کی تھی جبکہ ایرانی ٹیم نے بدھ کے روز روس اور چین کے نمائندوں کے ساتھ دو جانبہ اور اس کے بعد تین یورپی ممالک برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نمائندوں کے ساتھ چار جانبہ گفتگو کی تھی -

ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے گزشتہ چوبیس نومبر کے مذاکرات کے اختتام پر جامع معاہدے کے حصول کے لئے مذاکرات کی مدت میں سات ماہ اورسات دن کی توسیع کا فیصلہ اور آئندہ چار ماہ میں جامع معاہدے کے حصول کی کوششوں کا اعلان کیا تھا.

.......

/169