14 دسمبر 2014 - 12:26
عراقی وزیر داخلہ : حکومت و ملت عراق کی قدردانی

عراق کے وزیر داخلہ نے اس سال اربعین حسینی کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر حکومت اور ملت عراق کی قدردانی کرتے ہوئے اسے حکومت و ملت عراق کے لئے مایہ فخر وافتخار قراردیا ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر داخلہ محمد سالم الغبان نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں چہلم سید الشہداء علیہ السلا م کے بہترین انعقاد اور عزاداروں کی سکیورٹی و حفاظت میں بہترین کردار ادا کرنے پر عراق کی سکیورٹی فورسز کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا دو ہفتے تک کروڑوں زائرین امام حسین علیہ السلام کی حفاظت کرنا حکومت و ملت عراق کے لئے فخر و مباہات کا باعث ہے ، انہوں نے کہا کہ اگر عوام ، سرکاری اداروں اور زائرین کرام کا تعاون نہ ہوتا تو کبھی بھی یہ افتخار میسر نہ ہوتا ۔ عراق کے وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ کہ عراق کی سرزمین ایک مقدس سرزمین ہے جو ہمیشہ سے الفت و محبت ، رواداری اور بے شمار انسانی اہمیت و شرافت کی جلوہ گاہ ہے جسے پیغمبران الہی اور اہل بیت علیہم السلام انسانوں کے لئے بعنوان تحفہ لائے تھے یہ سلسلہ عراق میں ہمیشہ باقی رہے گا ۔
عراق کے وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی ہے کہ عراقی حکام اس برس چہلم کے موقع پر ہونے والے اپنے بہترین تجربات کی بنیاد پر عوام کی حفاظت و سکیورٹی جیسے امور پر بہترین کردار ادا کریں گے اور داعش کے قبضے والے علاقوں کو جلد سے جلد آزاد کرالیں گے ۔ واضح ہو کہ عراق کے وزیر اعظم نے بھی کربلائے معلی میں چہلم سید الشہداء کے موقع پر حفاظت کے بہترین انتظامات پر ملت عراق اور سکیورٹی فورسز کی قدردانی کی ہے ۔

.......

/169