28 نومبر 2014 - 11:27
ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر اٹلی کی تاکید

اٹلی کی پارلمینٹ اسپیکر نے مختلف شعبوں میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  ارنا کی رپورٹ کے مطابق اٹلی پارلمینٹ کی اسپیکر لائورا بولدرینی نے روم میں، ڈاکٹر حسن روحانی کی معاون اور محکمۂ ماحولیات کی سربراہ معصومہ ابتکار کے ساتھ ملاقات میں، پارلیمانی، اقتصادی، ثقافتی اور سائنسی شعبوں میں ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئےاٹلی کی آمادگی کا اظہار کیا۔ اٹلی کی پارلیمنٹ اسپیکر نے اسی طرح مشرق وسطی کے علاقے میں داعش جیسے تکفیری گروہوں کی سرگرمیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام محبت و ہمدردی کا دین ہے اور اس قسم کے انتہاپسندانہ افکار کے حامل انسانوں کا حقیقی اسلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ بولدرینی نے اس امر پر تاکید کرتےہوئے کہ ایران علاقے میں امن و ثبات کے قیام میں اہم اور کلیدی کردار ادا کررہا ہے کہا کہ عالمی معاشرے  کو چاہئے کہ ایران کے ساتھ تعمیری بات چیت اور نئی تبدیلیوں کا  مثبت نقطۂ نگاہ سے جائزہ لے۔ معصومہ ابتکار نے بھی اس ملاقات میں عالمی ماحولیات کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے اسے دنیا کے تمام ملکوں کی مشترکہ تشویش قرار دیا۔ واضح رہے کہ  اسلامی جمہوریہ ایران کے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کی  سربراہ  محترمہ معصومہ ابتکارنے دور روز قبل ایک وفد کے ہمراہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور ماحولیاتی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کے لئے اٹلی کے دارالحکومت روم کا دورہ کیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲