25 نومبر 2014 - 13:22
براک اوباما کے دباؤ میں دیا چک ہیگل نے اپنے عہدے سے استعفی

امریکی صدر براک اوباما نے وزیر دفاع چک ہيگل کا استعفی قبول کر لیا ہے، ہیگل نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے الگ ہونے کا عندیہ دیا تھا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تاہم امریکی ذرا‏ئع ابلاغ کا کہنا ہے کہ داعش اور شام سے متعلق پالیسیوں میں نظریاتی اختلافات کے باعث اوباما نے ہیگل کو استعفی دینے کے لیے مجبور کیا۔

خیال رہے کہ اوباما اور ہیگل کے درمیان افغانستان سے فوج کے انخلاء اور عراق اور شام میں تکفیری دہشت گردوں سے متعلق پالیسیوں کے بارے میں شدید اختلاف تھا۔

پیر کو اوباما نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران اڑسٹھ سالہ چک ہیگل کے استعفے کو منظور کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ''انھوں نے گذشتہ ماہ ان سے رابطہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنا عہدہ چھوڑنا چاہتے ہیں''۔

قبل ازیں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سوموار کو ایک رپورٹ میں اطلاع دی تھی کہ صدر براک اوباما نے چک ہیگل کو پینٹاگن کی سربراہی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اوباما نے گذشتہ ہفتے چک ہیگل سے کئی ملاقاتیں کی تھیں اور اس کے بعد ان سے استعفیٰ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ چک ہیگل نے دوصفحے کے ایک داخلی پالیسی میمو میں اوباما کی شام کے بارے میں حکمت عملی سے متعلق سوالات اٹھائے تھے۔

.......

/169