20 نومبر 2014 - 20:18
یوکرائن، باغیوں سے براہ راست مذاکرات ممکن نہیں

یوکرائن نے روس نواز باغیوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات کو خارج از امکان قرار دے دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے یوکرائنی دارالحکومت کیف سے موصولہ رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم آرسینی یاٹسینی یْک نے مشرقی علاقوں میں گزشتہ چھ ماہ سے جاری بحران کے خاتمے کی کوششوں کے لئے وہاں فعال روس نواز باغیوں سے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ ہم روسی دہشتگردوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات نہیں کریں گے۔ کابینہ کی ایک میٹنگ میں یوکرائن کے وزیراعظم آرسینی یاٹسینی یْک نے ماسکو حکومت پر زور دیا کہ وہ ستمبر میں بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں طے پانے والے فائر بندی معاہدے کا احترام کرے۔ یوکرائنی وزیراعظم نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرائن کے مشرقی علاقوں میں باغیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا  کہ روس دراصل مشرقی یوکرائن میں دراندازی کا مرتکب ہو رہا ہے اور اسے ان حرکتوں سے باز آ جانا چاہیے۔دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے دعویٰ کیا ہے کہ کیف حکومت کی طرف سے مشرقی علاقوں کو بجٹ کی رقوم فراہم نہ کرنا اس تنازعے کو مزید شدید بنا سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲