11 نومبر 2014 - 09:41
مسجد الاقصی کے دروازے مسلسل پانچویں دن بھی مسلمانوں کے لئے بند

غاصب صیہونیوں نے مسلسل پانچویں دن نمازیوں کے لئے مسجد الاقصی کے دروازے بند رکھے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی کالونیوں کے شدت پسندوں نے پیر کی صبح، خصوصی پولیس کے دستوں کی نگرانی میں مسجد الاقصی پر حملہ کر دیا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ صیہونی پولیس نے بدستور مسجد الاقصی کے دروازے پر لوہے کی باڑ لگا رکھی ہے اور انہوں نے مسجد الاقصی میں نوجوان نمازیوں کو جانے سے روک دیا اور مسجد الاقصی سے نکلنے تک ان کے کارڈ ضبط رکھے۔

ادھر غزہ میں ایک بار پھر مسجد الاقصی کی حمایت اور بیت المقدس پر صیہونیوں کی جارحیت کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں۔  المنار ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پیر کو غزہ کے شہریوں نے، جن میں تحریک حماس اور فتح کے کارکن موجود تھے، صیہونی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف ایک وسیع مظاہرہ کیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسجد الاقصی کی حمایت میں تحریک حماس اور فتح کے کارکن ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع نظر آئے اور انہوں نے مسجد الاقصی کی حمایت اور بیت المقدس کے خلاف اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف ایک ساتھ مظاہرے کئے۔ حماس کے ترجمان سامی ابو زهری نے کہا کہ بیت المقدس کا موضوع، ملت فلسطین اور عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور ہم مسجد الاقصی کی حمایت میں ذرہ برابر بھی دریغ نہیں کریں گے۔

دوسری جانب مجتہدين کي کونسل یا ماہرین کی کونسل مجلس خبرگان کے اراکين نے مسجد الاقصی یعنی مسلمانوں کے پہلے قبلے کو منہدم کرنے کی صیہونی حکومت کی سازشوں کی مذمت کی ہے۔ کونسل نے ایک بیان جاری کرکے مذہبی رہنماؤں، اسلامی ممالک کے سربراہان اور مسلم رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد کی کوشش کریں اور مسلمانوں کو لڑانے کی غاصب صیہونی حکومت اور تكفيريوں کی سازشوں پر لگام لگائیں۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس قسم کے جرائم کو روکنے کے لئے قانونی اقدامات کرے۔

.......

/169