8 نومبر 2014 - 13:44
عراق، داعش کے خلاف سنی قبائل کا مظاہرہ

عراق کے کئی سنی قبائل نے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف مظاہرے کئے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ الانبار کے کئی سنی قبائل نے البونمر قبیلے کے خلاف داعش کی پرتشدد اور ظالمانہ کارروائی کی مخالفت میں مظاہرے کئے۔ ان قبائل کے عمائدین نے البونمر قبیلے کے خلاف حالیہ دنوں میں داعش کی جانب سے کی جانے والی پر تشدد کارروائی کی جمعہ کو سخت الفاظ میں مذمت کی۔ قبائل کے عمائدین نے داعش کے خلاف تمام عراقیوں کے متحد ہونے پر زور دیا۔ صوبہ الانبار کے ایک سنی قبیلے کے سربراہ محمود سرہان الفہداوي نے شیعہ علماء سے بھی اپنے قبیلوں کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے۔

ایک اور سنی قبیلے کے سربراہ عبد الوہاب سبحان نے صوبہ الانبار کے ممبران پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیں۔

قابل ذکر ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے عراقی عوام کے خلاف اپنے جرائم کو جاری رکھتے ہوئے صوبہ الانبار کے سنی قبیلے البونمر کے کم سے کم 500  افراد کو قتل کر دیا۔ ان میں سے کئی کے سر قلم کئے گئے جبکہ بہت سے افراد کو گولیوں سے بھون دیا گیا۔ البونمر قبیلے کے بے گناہ افراد کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ داعش کی افکار و نظریات کے مخالف ہیں اور عراق کی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔

/169