7 نومبر 2014 - 19:01
نائجریا میں بوکو حرام نے 21 شہریوں کو ہلاک کر دیا

نائجیریا کے ایک رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے شدت پسندوں نے 21 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق نائجیریا کے ایک رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی علاقے میں تکفیری دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے شدت پسندوں نے 21 شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

جمعرات کو مینا ماجی لون نے بتایا کہ ملک کے بحران زدہ شمال مشرقی صوبے بورنو کے مالم فتوری شہر میں بدھ کو یہ واقعہ پیش آیا۔

بوکو حرام کے دہشت گردوں نے مالم فتوری پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم کثیر الملکی فوج کی مزاحمت نے ابتدا میں ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

نائجیریا کے رکن پارلیمان کے مطابق، فوجیوں نے دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا اور خیال کیا کہ اب وہ علاقے سے جا چکے ہیں، لیکن دہشت گرد مزید جنگجوؤں اور ہتھیاروں کے ساتھ واپس لوٹے انہوں نے شہر پر دوبارہ حملہ کر دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گرد فوجیوں پر بھاری پڑ گئے اور انہوں نے شہر میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 21 شہری جاں بحق ہو گئے۔

بوکو حرام تکفیری نظریات کا حامل ایک دہشت گرد گروہ ہے جو براعظم افریقہ کے ملک نائجریا میں سرگرم ہے اور نائجریا حکومت کو گرا کر وہاں خودساختہ خلافت قائم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
.......

/169