7 نومبر 2014 - 12:32
عراق:داعش کے حملوں کے بعد سے 2470 افراد لاپتہ

عراق کی انسانی حقوق کی وزارت میں جائزہ کمیٹی کے ڈاریکٹرجنرل نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد گروہ داعش کے عناصر کے حملوں کے بعد سے 2470 عراقی باشندے لاپتہ ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق کامل امین نے جمعرات کو بغداد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا دہشتگرد گروہ داعش کے موصل اور عراق کے بعض دیگر شہروں پر قبضے کے بعد سے لیکر اب تک دو ہزار چار سو ستر عراقی باشندے لاپتہ ہیں۔ عراق کی انسانی حقوق کی وزارت میں جائزہ کمیٹی کے ڈاریکٹرجنرل کامل امین نے مزید کہا کہ اس تعداد میں سے 431 مورد موصل شہر میں بادوش جیل سے مربوط ہیں جبکہ 440 مورد شمالی صوبوں سے مربوط ہیں اور ایک ہزار پانچ سو ننانوے لاپتہ افراد کا تعلق صوبے صلاح الدین میں اسپایکر ایئرفورس کیڈٹ کالج سے ہے۔ کامل امین نے اسی طرح کہا کہ انسانی حقوق کی وزارت کے پاس موجود اطلاعات کے مطابق لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے خود یہ معلومات عراق کی انسانی حقوق کے وزارت خانے میں جمع کروائی ہے اور اس حوالے سے تحقیقات بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ دہشتگرد گروہ داعش نے جون 2014 کے اوائل میں عراق کے بعض علاقوں میں قبضے کے بعد انسانیت کے خلاف ہولناک جرائم کا ارتکاب کیا ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ افراد داعش کے وحشیانہ جرائم کی بھینٹ چڑھے ہیں۔

دوسری جانب عراق کے سیکیورٹی ذرائع نے دارالحکومت بغداد میں ایک چیک پوسٹ میں دہشتگردانہ بم دھماکے کی خبر دی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک چھ افراد جاں بحق اور پندرہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔

.......

/169