اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر فواد معصوم نے صوبۂ نینوا کے عمائدین کے اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ شہر موصل کو آزاد کرانے کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں ۔ انہوں نے داعش دہشت گرد گروہ کو تمام عراقیوں کا دشمن بتایا اور کہا سبھی فریق موصل کی آزادی کےلئے آمادگي رکھتے ہیں۔ ودوسری جانب عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوب میں ایک طاقتور دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ سنیچر کو دہشت گردوں نے بارود سے بھرے ٹرک کو جنوبی بغداد میں ایک چیک پوسٹ کے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔ اس کے علاوہ بغداد میں فلسطین روڈ پر بھی ایک دھماکہ ہوا ہے، تاہم ابھی تک اس دہشت گردانہ کارروائی میں جانی و مالی نقصان کی تفصیلات حاصل ہو نہیں سکی ہیں۔عراقی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردانہ کارروائیاں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے کی ہیں۔ حکام کے مطابق، عراق کے سابق مطلق العنان آمر صدام کے بعثی حامی تکفیری دہشت گردوں کے ساتھ مل کر پورے ملک میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، صرف اکتوبر میں عراق میں 1273 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169