اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ڈھاکا میں قائم جنگی جرائم کے خصوصی ٹریبونل میں میر قاسم کے خلاف لوگوں کو اغوا کے بعد قتل کرنے، انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے لئے عقوبت خانہ چلانے اور دیگر الزامات کی سماعت ہوئی۔ ٹریبونل نے میر قاسم علی کو قتل اور اغوا کے 10 مقدمات میں قصور وار قرار دیتے ہوئے انہیں سزائے موت کے علاوہ 72 سال قید کی سزا بھی سنائی ہے۔ میر قاسم علی کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا اس لئے وہ اس فیصلے سے مطمئن نہیں اور وہ عدالتی فیصلے کو چیلنج کریں گے۔ دوسری جانب جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما مطیع الرحمان نظامی کو سزائے موت دینے کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال بھی کی گئی ۔واضح رہے کہ اب تک موجودہ بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے قائم ٹریبونل جماعت اسلامی کے کئی رہنماؤں کو سزائے موت سنا چکا ہے جن میں سے ایک عبدالقادر مُلا کو پھانسی بھی دی جاچکی ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش میں دن کے اوقات میں نیشنل گرڈ اسٹیشن میں خرابی کے باعث ملک کا آدھے سے زیادہ حصہ بجلی سے محروم ہوگیا تاہم کئی گھنٹوں کےبعد صرف دارالحکومت ڈھاکہ کے چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکا ہے۔حکام کا کہناہےکہ 2007 میں خوفناک طوفان کے باعث ملک میں بجلی کے بڑا بریک ڈاؤن کے بعد یہ دوسرا واقعہ ہے۔
.......
/169