18 اکتوبر 2014 - 10:04
داعش کا مسجد پر حملہ، دسیوں نمازی خون میں لت پت

دہشت گردوں نےشمالی عراق کے صوبے صلاح الدین ميں ایک مسجد پر حملہ کرکے دسیوں نمازیوں کو خاک و خون میں غلطاں کردیا ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  عرب ذرائع نے رپورٹ ميں کہا ہے کہ داعش دہشت گردوں نے کل جمعے کے روز مشرقی تکریت کی ایک مسجد پر اس وقت حملہ کردیا جب نمازی، نماز میں مشغول تھے۔ اس حملے میں دس نمازی جاں بحق اور پندرہ دیگر زخمی ہوگئے۔ عراق کے ہسپتال ذرائع نے رپورٹ ميں کہا ہے کہ بعض نمازیوں کی حالت تشویشناک ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔ در ایں اثنا عراق کی وزارت دفاع نے صوبۂ صلاح الدین میں، شہربیجی کے شمال میں پچاس دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی خبر دی ہے اور کہا ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں کی بیس گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں۔ دوسری جانب عراق کے دارالحکومت بغداد میں دو کار بم دھماکوں ميں 18 عام شہری مارے گئے ہيں ۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کل شام کو بغداد کے شمالی اور مشرقی علاقوں تجاری بلد اور احمدیہ میں دو کار بم دھماکے کئے گئے جس ميں  کم از کم 18 عام شہری مارے گئے اور 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ بغداد میں جمعرات کو بھی بم دھماکے کی کاروائی میں 26 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲