7 اکتوبر 2014 - 07:49
بعض یورپی ملکوں کے موقف کو، فلسطینی انتظامیہ نے سراہا

فلسطین کی خود مختار انتظامیہ نے فلسطیی حکومت کو سرکاری حیثیت سے تسلیم کرنے کے سلسلے میں سوئیڈن اور فرانس کے موقف کو دلیرانہ موقف سے تعبیر کیا ہے ۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کے ترجمان نبیل ابوردینہ نے کہا کہ یورپ اور دنیا کے دیگر ملکوں کی جانب سے فلسطین کی حکومت کو سرکاری حیثیت سے تسلیم کرنے کی ضرورت اور اس سلسلے ميں 29 نومبر 2012 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد پر ان ملکوں کی توجہ مرکوز ہونے سے، فلسطین بلکہ پورے علاقے میں امن کے قیام میں مدد مل سکتی ہے۔ ابو ردینہ نے کہا کہ یورپی ملکوں کے اس قسم کے اقدامات کو فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے بھی سراہا ہے کیوں کہ بیت المقدس کی مرکزیت میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کا اعتراف ہی علاقے میں پائیدار امن و استحکام کی واحد راہ حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ، دنیا کے تمام ملکوں سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھی ان دو ملکوں کی طرح دلیرانہ موقف اپنائيں اور ساتھ ہی انہوں نے بعض ملکوں کی جانب سے دائمی امن کے عمل میں روڑے اٹکائے جانے اور تاریخی حقائق کے برخلاف اقدامات پر تعجب کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ سوئیڈن کے وزیر اعظم اور فرانس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فلسطین کی آزاد مملکت کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے پر تاکید کی ہے۔

.......

/169