4 اکتوبر 2014 - 10:03
امیرقطر کی ایرانی صدر سے ٹیلیفون پر گفتگو/شیعہ و سنی دہشت گردی کا شکار

قطر کے امیر نے علاقائی صورتحال اور دہشت گردی کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو اور تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردانہ واقعات کا شیعہ اور سنی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور شیعہ و سنی دونوں آج بے رحم دہشت گردی کا شکار ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق قطر کے امیرتمیم بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے علاقائی صورتحال اور دہشت گردی کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو اور تبادلہ خیال کیا ہے۔ روحانی نے اس گفتگو میں عید سعید قربان کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی اور علاقہ میں جاری دہشت گردی کو بہت بڑ لعنت قراردیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے علاقائی ممالک میں باہمی تعاون بہت ضروری ہے۔ روحانی نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائي ممالک کی سرحدوں کا احترام بہت ضروری ہے اور دہشت گردی کو بہانہ بنا کر دوسرے ممالک کی سرحدوں کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔۔ قطر کے امیر نے اس گفتگو میں کہا کہ علاقہ کو اس وقت بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اور حکمت اور تدبیر کے ساتھ ان مشکلات اور مسائل سے عبور کرنا ضروری ہے قطر کے امیر نے کہا کہ دہشت گردانہ واقعات کا شیعہ اور سنی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور شیعہ و سنی دونوں آج بے رحم دہشت گردی کا شکار ہیں۔

.......

/169