3 اکتوبر 2014 - 10:24
حقوق حاصل نہ ہونے پر مذاکرات کے نتائج قبول نہیں، نوبخت

ایرانی حکومت کے ترجمان محمد باقر نوبخت نے کہا ہے کہ اگر حقوق حاصل نہ ہوئے تو ایٹمی مذاکرات کے نتائج قبول نہیں کریں گے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکومت کے ترجمان محمد باقر نوبخت نے ایٹمی مذاکرات کی موجودہ صورت حال کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کاروں کے اپنے تجزئيے اور خیالات ہیں اور یقینی طور پر ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم ایران کے تمام مطالبات پورے ہونے تک اپنی راہ پر گامزن رہے گی اور اگر یہ حقوق حاصل نہ ہوئے تو پھر ہم نہ تو مذاکرات کے نتائج قبول کریں گے اور نہ ہی ان کی تیز رفتار قبول ہوگي۔ حکومت کے ترجمان نے یہ بات جمعرات کو تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو کی تقریر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی ایرانوفوبیا پھیلانے کی پالیسیاں پوری طرح سے واضح ہیں اور ایران کے بارے میں اس غاصب حکومت کی پالیسیاں اس کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ترجمان نے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے دورۂ سعودی عرب کے بارے میں کہا کہ صدر مملکت کا ابھی سعودی عرب کے دورے کا کوئي پروگرام نہیں ہے اور اگر اس سلسلے میں کوئي پروگرام بنتا ہے تو عوام کو اس سے آگاہ کیا جا‏ئے گا۔

.......

/169