2 اکتوبر 2014 - 08:07
فرزند رسول حضرت امام محمدباقر(ع)کے غم میں ایران سوگوار

آج اسلامی جمہوریہ ایران میں فرزندرسول حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے سوگ منایا جارہا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مختلف علاقوں کے عوام فرزندرسول حضرت امام محمدباقر علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسب سے مسجدوں، امام بارگاہوں ، زیارتگاہوں، بالخصوص مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضاعلیہ السلام اور قم میں واقع آپ کی ہمشیرہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں میں حاضر ہوکر عزاداری کر رہے ہيں اور دعاء وزیارات انجام دے رہے ہيں۔
واضح رہے کہ شیعہ مسلمانوں کے پانچویں امام فرزندرسول حضرت امام باقرعلیہ السلام سات ذی الحجہ ایک سوچودہ ہجری قمری میں ستاون سال کی عمر میں زہردغا سے مدینہ منورہ میں اموی خلیفہ ہشام بن عبدالملک کے ہاتھوں شہید کردیئےگئےتھے۔
آپ کااسم مبارک محمدبن علی اور لقب باقر تھا۔ آپ نے اپنے والدماجد حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کے بعد انیس برسوں تک مومنین کی امامت وہدایت کی سنگین ذمہ داری نبھائی اور عالم اسلام کو علم وحکمت سے فیضیاب کیا۔
حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کی پوری عمر اسلامی احکام وثقافت کی تبلیغ وترویج، شاگردوں کی تعلیم وتربیت، عوام کی ہدایت و رہنمائی اور اپنے جد بزرگوارخاتم الانبیاء حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت پر عمل کرنے اور کرانے میں گذری۔
اسلامی جمہوریہ ایران کا ریڈیو ٹیلی ویژن کا ادارہ آئی آر آئی بی بالخصوص اردو ریڈیو تمام مسلمانوں کی خدمت میں فرزند رسول حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کی شہادت کی تعزیت پیش کرتا ہے۔

.......

/169