29 ستمبر 2014 - 07:29
ایران کے 95 فیصد جوہری مسئلے پر اتفاق ہو گیا

روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات کا عمل اپنے صحیح راستے پر گامزن ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سرگئی لاوروف نے کہا کہ 95 فیصد موضوعات کے بارے میں اتفاق رائے ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف 5 فیصد موضوعات کا حل ہی باقی ہے جن میں سے 2 یا 3 کچھ پیچیدہ ہیں۔ لاوروف نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔ انہوں نے نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس سے الگ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مذاکرات کرنے والے تمام فریق، اتفاق تک پہنچنے کے حق میں ہیں۔ روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ابھی24 نومبر تک کا وقت باقی ہے۔

سرگئي لاوروف کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ فرانس کے وزیر خارجہ لورین فیبيوس نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ مذاکرات میں کوئی قابل ذکر پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

اس سے پہلے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظريف نے ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جوہری مذاکرات بہت سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوہری مذاکرات کرنے والے فریق کو آئندہ دو مہینے کے دوران مذاکرات کے لئے مزید وقت مخصوص کرنا چاہئے۔

دوسری طرف روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئي ريابكوف نے کہا کہ مذاکرات کرنے والے فریق کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو ختم کرنے کے لئے روس نے دونوں فریق کو ایک تجویز دی ہے جسے دونوں فریق نے پسند کیا ہے۔

.......

/169