27 ستمبر 2014 - 18:35
سپریم کورٹ نوازشریف کی نااہلی کی درخواست منظور

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی عدالت عظمی کا تین رکنی بینچ پیر کو سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نے پارلیمنٹ میں تقریر کی بنیاد پر پاکستان کے وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
درخواست گزار گوہر نواز ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، ہائی کورٹ نے وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق درخواست کو سیاسی قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔  
پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصر الملک کی جانب سے اپیل سماعت کیلئے منظور ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ میں اپیل کو شامل کر لیا گیا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ پیر کو سماعت کرے گا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے دھرنے والوں سے مذاکرات کیلئے فوج کو ملوث کرنے کے بارے غلط بیانی کی۔ نواز شریف نے جھوٹ بولنے کے علاوہ فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کی بنیاد پر انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲