27 ستمبر 2014 - 12:39
داعش کے خلاف مغربی اور عرب اتحاد میں برطانیہ بھی شامل

برطانوی پارلیمان نے امریکہ کی قیادت میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف فضائي حملوں میں شرکت کے لیے حکومت کی درخواست منظور کر لی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ہاؤس آف کامنس میں عراق میں داعش کے خلاف فضائی حملوں کو 43 کے مقابلے 524 ووٹوں سے منظوری حاصل ہو گئی۔

ووٹنگ سے پہلے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرن نے عراق میں داعش کے خلاف لڑائی میں مغربی ممالک اور عرب ممالک کے اتحاد میں شمولیت کی پرزور اپیل کی۔

انہوں نے پارلیمنٹ سے کہا کہ اس لڑائی میں ملکی افواج کے شامل ہونے سے زیادہ سنجیدہ اور کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

دوسری جانب حزب اختلاف لیبر پارٹی کے ارکان پارلیمان، داعش کے خلاف فوجی کارروائی کے نتائج کے حوالے سے کوئی زیادہ پرامید نہیں ہیں۔

ڈیوڈ کیمرن کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں کئی سال بھی لگ سکتے ہیں اور یہ انتہا پسند گروہ برطانیہ کے لیے براہ راست خطرے کا موجب ہے۔

غور طلب امر یہ ہے کہ مغربی اور عرب ممالک کی حمایت سے معرض وجود میں آنے والے دہشت گرد گروہ کے خاتمہ کی کارروائی کی جب بھی بات ہوتی ہے تو امریکی اور مغربی حکام اس کارروائی کے طویل ہونے پر زیادہ تاکید کرتے ہیں۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان حکام کے اس طرح کے بیانات سے مشرق وسطی میں ان کے ناپاک عزائم بھی واضح ہو جاتے ہیں۔
.......

/169