23 ستمبر 2014 - 14:28
اسرائیل کا ظلم جاری، ایک ہفتے میں 150 فلسطینی گرفتار

ایک انسانی حقوق گروپ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک ہفتے میں 150 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  رپورٹ کے مطابق ایک انسانی حقوق گروپ نے انکشاف کیا ہے کہ ستمبر کے تیسرے ہفتے میں غاصب اسرائیلی فوج نے 152 فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔
 
فلسطینی پرزنرس سوسائٹی کے مطابق الخلیل میں کم سے کم 50 جبکہ القدس میں 40 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
 
مقامی باشندوں کے مطابق جنین میں اسرائیلی فوج نے شبانہ چھاپوں کے دوران ایک درجن کے قریب افراد کو گرفتار کیا ہے۔
 
حقوق انسانی گروپ کے مطابق باقی لوگوں کو مغربی کنارے کے شہروں رملہ، تلکارم اور پناہ گزین کیمپوں سے اٹھا لیا گیا۔ اسکے علاوہ اسرائیلی فوج اور سلامتی ایجنسی شاباک کے ذریعے چلائے جانے والے انٹراگیشن سینٹروں میں لاتعداد فلسطینی بند ہیں ۔
 
تازہ اعداد و شمار کے مطابق تقریبا 7000 فلسطینی مختلف اسرائیلی جیلوں میں مقید ہیں ۔
 
درایں اثنا 40 فلسطینی اور بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں نے حال ہی میں کہا ہے کہ تل ابیب ایک ہزار سے زائد بدوؤں کو  گھر بدر کرنے کا منصوبہ تیار کررہا ہے جو انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲