23 ستمبر 2014 - 10:45
عراق، دجیل جیل پر حملہ ناکام، دسیوں دہشت گرد ہلاک

عراق کی سیکورٹی فورسز اور مقامی قبائل نے تكريت کی دجیل جیل پر دہشت گردوں کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا جس کے دوران دسیوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق تكريت سے 160  کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دجیل جیل پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جسے سیکورٹی فورسز اور قبائل نے ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں دسیوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ دجیل، سامراء اور اس کے نواحی علاقوں پر فوج اور قبائل کا کنٹرول ہے۔ فوج اور قبائل، دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کارروائی کر رہے ہیں اور اب تک ان علاقوں میں دہشت گردوں کے کئی حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔
دوسری طرف دہشت گرد گروہ داعش نے اپنے حامیوں سے عام شہریوں بالخصوص امریکی اور فرانسیسی شہریوں کے قتل کا اعلان کیا ہے۔
داعش کے ترجمان ابو محمد العدناني نے ایک آڈیو ٹیپ میں، جس کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے، کہا ہے کہ شام اور عراق میں داعش کے خلاف بنائے گئے اتحاد میں شامل ملکوں بالخصوص امریکہ اور فرانس کے شہریوں کو ہلاک کر دیا جانا چاہئے۔
بیان میں ابو عدنان لوگوں سے یہ کہتا ہوا سنا جا رہا ہے کہ اگر تم توانا ہو تو امریکی کافروں بالخصوص یورپی ممالک فرانس، کینیڈا اور آسٹریلیا کے کافر شہریوں کو قتل کرو، خدا پر بھروسہ کرو اور کسی بھی وسیلے سے ان کو قتل کرو۔
.......

/169