اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رہبرانقلاب اسلامی حضرت آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج حج مشن کے عھدیداروں سے ملاقات میں حج کو دینی اور معنوی امور نیز عالم اسلام کے اہم مسائل کی اصلاح کا اہم موقع قراردیا۔
آپ نے فرمایا کہ مسلمانوں کو حج کے ایام میں اس الہی دسترخوان کی نعمتوں سے مکمل استفادہ کرنا چاہیے اور خدا کے ساتھ اپنا تعلق ایسا مضبوط بنانا چاہیے کہ حج کے بعد حاجی میں حقیقی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا جاسکے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے عالم اسلام کے اہم مسائل کاجائزہ لینے کے موسم حج سے فائدہ اٹھانے اور مشکلات کو حل کے مقصد سے تبادلہ خیال کرنے کے بارے میں فرمایا کہ آج عالم اسلام نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور عالم اسلام کا ایک اہم ترین مسئلہ یہ ہے کہ تسلط پسند طاقتیں ان کے درمیان اختلافات ڈالنے اور بدگمانی پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تاکید فرمائي کہ حج کے ایام میں ہمیں دلوں کو صاف کرنے اور خود ساختہ کینوں کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔
آپ نے فرمایا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ بعض شیعہ اور سنی مسلمان غفلت کی بنا پر ایک دوسرے پر تہمتیں اور جھوٹے الزامات لگا کر دشمنان اسلام کو فائدہ پہنچا رہے ہیں اور امریکہ اور صیہونی حکومت کے مفادات کے لئے کام کررہے ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ تکفیریت کو موجودہ حالات میں مسلمانوں میں اختلافات پھیلانے، انہیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنے، انہیں مسئلہ فلسطین سے غافل کرنے اور صیہونی حکومت کے مفادات کے تحفظ کے سلسلے میں دشمنان اسلام کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا اولین مسئلہ ہے جس پر حج کے دوران توجہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲