1 ستمبر 2014 - 14:29
مسجد، انقلابات اور تحریکوں کا مرکز: صدر مملکت

اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نےکہا ہے کہ یوم مسجد، ایک ایسے مقام کی قدردانی کا دن ہے جو ہمیشہ سے عوام اور معاشرے کے فائدے میں برپاہونے والے انقلابات اور تحریکوں کا مرکز رہا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریۂ کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں یوم مسجد کی مناسبت سے منعقدہ عالمی اجلاس میں کہا کہ مسجد نے اسلامی تحریکوں اور انقلابات کا عظیم بوجھ اپنے کاندھوں پر اٹھایا، اور امام خمینی رح  کی قیادت میں انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ ایران کے ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کے سربراہ نے علماء، دانشوروں اور بزرگوں کے نظریات سے استفادے پر تاکید کرتے ہوئے کہاکہ مسجد اور علماء، ہمیشہ،ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں اور ہیں۔ ڈاکٹر روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ روحانیت اور علماء کے کاندھوں پر ایسی سنگين ذمہ داری تھی کہ جسے آج پورا کرنا مزید سخت و دشوار ہوگيا ہے کہا کہ اگر اسلامی انقلاب تمام سازشوں اور پروپگنڈوں کے باوجود کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے تو وہ اس کا سبب وہ آرزو تھی جو علما کے دلوں میں پروان چڑھ رہی تھی اور اس امید کی، انقلاب کی کامیابی تک حفاظت کی گئی۔ ڈاکٹر روحانی نے کہاکہ عالم اسلام اور مسلمان اور ان میں سر فہرست علماء اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ مسلمانوں کا قبلۂاول غاصبوں اور جارحین کے ہاتھ میں باقی رہے اور اسلامی جمہوریۂ ایران کی حکومت گذشتہ کی مانند مسجد الاقصی کو بچانے اور فلسطین کی مظلوم قوم کی مدد کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتی رہے گي ۔ عالمی یوم مسجد کا اجلاس آج تہران میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر کی تقریر سے شروع ہوا۔

.......

/169