اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنان کے مفتی جعفری شیخ احمد قبلان نے 700 نمایاں حفاظِ قرآن کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے لبنان کی قومی شناخت، خودمختاری اور جنوبی علاقوں کے تحفظ پر زور دیا۔
شیخ احمد قبلان نے کہا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے اور ہم اپنے ملک کی قومی شناخت کے تحفظ، اس کی خودمختاری کے دفاع اور لبنان کو اسرائیلی، امریکی یا علاقائی و عالمی طاقتوں کے کھیل کا حصہ بننے سے روکنے کے لیے ثابت قدم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جنوبی لبنان کی خودمختاری ریاست کی خودمختاری کا سب سے بڑا امتحان ہے۔ موجودہ ضرورت یہ ہے کہ جنوبی لبنان کے زیرِ قبضہ علاقوں کو واپس حاصل کیا جائے، نہ کہ انہیں اسرائیلی حکومت اور اس کے سکیورٹی منصوبے کے حوالے کیا جائے۔
’’لبنان ایک ہے، دو لبنان نہیں‘‘
شیخ قبلان نے صدر جوزف عون سے مخاطب ہوکر کہا: ’’لبنان ایک ہے اور دو لبنان نہیں ہیں۔ دوسرے کی حفاظت دراصل اپنی حفاظت ہے اور جنوب کا تحفظ بیروت اور بعبدا کے تحفظ کا اہم حصہ ہے۔‘‘
انہوں نے خبردار کیا کہ لبنان کے لیے اس سے بڑھ کر کوئی خطرناک بات نہیں کہ کسی شہری کو سیاسی طور پر بے اختیار کردیا جائے۔ ان کے بقول وطن اور جنوبی لبنان کی خودمختاری کے تصور سے غداری سے بڑھ کر کوئی بڑی غداری نہیں۔
لبنان کے مفتی جعفری نے مزید کہا کہ جو شخص قرآن اور مزاحمت کے اس نظریے پر قائم ہو، وہ شکست نہیں کھاتا، پیچھے نہیں ہٹتا اور کمزور نہیں ہوتا۔
آپ کا تبصرہ