28 اگست 2014 - 16:35
غزہ میں ایران کی حمایت کے بغیر کامیابی محال تھی

اسلامی جمہوریۂ ایران کے وزیر خارجہ نے غزہ میں صہیونی حکومت کی پچاس روزہ جنگ میں فلسطینی مزاحمت کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کی مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کل رات فلسطین کی تحریک اسلامی کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح اور تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خالد مشعل کے ساتھ علیحدہ علیحدہ گفتگو میں صہیونی حکومت کے ظالمانہ حملوں کے مقابلے میں غزہ کے عوام کی استقامت و پائمردی کو سراہا ہے ۔ جواد ظریف نے غزہ کے نہتے عوام پر صہیونی حکومت کے پچاس روزہ حملوں کی جانب اشارہ کرتےہوئے ، بین الاقوامی اداروں ميں غزہ کے عوام کے خلاف صہیونی حکومت کی جارحیت اور فلسطینوں کے سیاسی و قانونی حقوق کے بارے میں تحقیقات جاری رہنے پر تاکید کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی اس سے عظیم کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگي ۔ جواد ظریف نے غزہ پر صہیونی حکومت کے حملوں سے وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ غزہ کی تعمیر نو ميں کافی وقت درکار ہوگا اور تہران کو امید ہے کہ عالمی برادری اور اسلامی ممالک اس سلسلے میں تیزی سے قدم اٹھائیں گے ۔ اس ٹیلیفونی گفتگو میں رمضان عبداللہ شلح اور خالد مشعل نے بھی، غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور حالیہ کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے، غزہ کے عوام کی حمایت میں اسلامی جمہوریۂ ایران کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر فلسطینی مزاحمت کو ایران کی مددو حمایت حاصل نہ ہوتی تو اسرائیل کے مقابلے میں کامیابی محال تھی ۔ واضح رہے کہ صہیونی حکومت نے آٹھ جولائی 2014 کو غزہ پرحملوں کا آغاز کیا تھا اور پچاس دنوں کے بعد 26 اگست 2014 کو ، قاہرہ میں مصر کی ثالثی میں فلسطینی گروہوں کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا اور اسرائیل ایک بار پھر اپنے کسی ہدف کو حاصل نہیں کرسکا۔

.......

/169