اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایسنا نیوز کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے آج مسعود بارزانی سے ملاقات کے بعد ان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران، عراق کی ارضی سالمیت کی حمایت کرتا ہے اور عراق کی مرکزی حکومت اور کردوں کے درمیاں کسی بھی معاہدے کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کی ارضی سالمیت، قومی اتحاد، اور ترقی و سکیورٹی کو اپنی ترقی سکیورٹی سمجھتا ہے ۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ داعش صرف کرد عرب اور شیعوں کا دشمن نہیں ہے بلکہ علاقے کے تمام ملکوں کا دشمن ہے۔ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ عراق میں ایرانی فوجی نہیں ہیں لیکن ایران نے حکومت عراق اور کردستان کے ساتھ فوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مغربی ملکوں کے برخلاف عراق اور کردستان سے کئے ہوئے وعدوں پرعمل کیا ہے ۔ اس پریس کانفرنس میں مسعود بارزانی نے کہا کہ عراق نے تمام ملکوں سے مدد مانگي لیکن اسلامی جمہوریہ ایران پہلا ملک تھا جس نے ہماری مدد کی۔ بارزانی نے حیدرالعبادی کی حکومت کی مکمل حمایت کرتےہوئے کہا کہ جلد از جلد کابینہ کا اعلان کیا جائے۔ مسعود بارزانی نے اسلامی جمہوریہ ایران اور رہبرانقلاب اسلامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے سخت ترین حالات میں بغیر کسی توقع کے ہمارا ساتھ دیا اور ہماری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ کردستان کے عوام اس بے پناہ محبت اور لطف کو نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے مشورتوں اور موقع پر امداد نیز عراق میں امن اور قومی اتحاد قائم کرنے نیز عراق کی ارضی سالمیت کے تحفظ کی کوششوں کوسراہا۔ اس پریس کانفرنس میں ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ حیدرالعبادی کی حکومت کی حمایت ایران میں امن وثبات میں استحکام لانے، مراجع کرام کے اعلی اھداف کے حصول اور ملت عراق کے قومی مفادات کے تناظر میں کی گئي ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس بات کی ضرورت ہے کہ عراقی حکام آئين کے تحت اپنے اختلافات حل کرنے اور ملک میں اتحاد و انسجام قائم کرنے کی کوشش کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲