24 اگست 2014 - 14:42
تکفیری انتہا پسندی کے مخالف کینیڈین امام کو داعش کی دھمکی

شام اور عراق میں بڑے پیمانے پر تشدد اور وحشیانہ کارروائیوں میں ملوث تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے کنیڈا کے ایک عالم دین کو اس مخالفت کے باعث موت کی دھمکی دی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی ایک مسجد میں پیش امام سید سہروردی اسلام کے نام پر دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے رہے ہیں اور عدم تشدد پر مبنی اپنے خطبوں کی وجہ سے وہ دور دور تک مشہور ہیں۔

دہشت گرد گروہ داعش کی طرف سے انہیں قتل کی دھمکی دی گئی ہے، داعش کینیڈا سمیت امریکہ اور دیگر مغربی ممالک میں بڑے پیمانے پر عسکریت پسندوں کی بھرتی کر رہا ہے۔

اسلام سپریم کونسل کینیڈا کے بانی سید سہروردی نے داعش کے لیے عسکریت پسندوں کی بھرتیوں کی بھی نشاندہی کی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ میں یہ بات پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ دہشت گرد گروہ داعش کینیڈا میں عسکریت پسندوں کی بھرتی کر رہا ہے اور یہ بھرتیاں عین ہماری ناک کے نیچے ہمارے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ہو رہی ہیں۔

مغربی ممالک میں داعش کے بڑھتے ہوئے اثرات پر پہلے ہی کافی تشویش پائی جاتی ہے۔

برطانیہ اور فرانس سمیت اکثر مغربی ممالک کے انتہا پسند تکفیری داعش کے پرچم تلے شام اور عراق میں انسانیت سوز مظالم میں ملوث ہیں۔

داعش کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں کینیڈین امام کا کہنا ہے کہ وہ ان کی پروا نہیں کرتے ہیں۔

.......

/169