اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے کہا ہے کہ میزائل پروگرام ایران کی ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تہران اپنی میزائل توانائی پر کوئی گفتگو نہيں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی دفاعی قوت، ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی یا گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل نہيں ہو سکتی۔
رضا نجفی نے کہا کہ صدر ڈاکٹر حسن روحانی کہ چکے ہیں کہ میزائل پروگرام ریڈ لائن ہے اور تہران اس بات کا اعلان کر چکا ہے کہ گروہ پانچ جمع ایک یا آئی اے ای اے کے ساتھ مذاکرات میں کھی بھی صورت میں یہ موضوع شامل نہيں ہو سکتا۔
اتوار کو تہران کے دورے پر آئے آئی اے ای اے کے سربراہ یوکیا امانو سے ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی کہا تھا کہ میزائل توانائی پر کسی بھی صورت میں کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ صدر روحانی کا یہ بیان کچھ مغربی خاص طور پر امریکی حکام کے ان بیانوں پر رد عمل ہے جن میں انہوں نے ایران کے میزائل پروگرام کو گروہ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات میں شامل کئے جانے کی وکالت کی تھی۔
آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے کہا کہ ایران اپنے اصولوں، مفاد اور قومی سلامتی کی حفاظت کے ساتھ اپنے ایٹمی پروگرام کے بارے میں آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔
.......
/169