اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق الرقہ کے علاقے میں ہونے والی ان شدید جھڑپوں میں داعش دہشتگرد گروہ کے تینتالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ادھر دیرالزور کے علاقے میں شام کے جنگی طیاروں کے حملے میں داعش دہشتگرد گروہ کا ایک کمانڈر یحی السّام ہلاک ہوگیا۔ شام کے جنگی طیاروں نے اسی طرح المرآب علاقے میں واقع شہر، الطبقہ پر بھی، جو دہشتگردوں کے اڈّے میں تبدیل ہوگیا ہے، بمباری کی۔ دریں اثنا حلب کے شمالی علاقوں میں داعش دہشتگرد گروہ اور النصرہ دہشتگرد گروہ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں النصرہ کے دہشتگردوں نے داعش دہشتگرد گروہ کے زیر قبضہ کئی علاقوں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ایک اور رپورٹ کے مطابق شام کے وزیر دفاع فہد قاسم الفریج نے دمشق کے جنوب مشرق میں آزاد کئے جانے والے علاقے الملیحہ کا دورہ کیا ہے۔ انھوں نے اس شہر کی آزادی کو غوطہ کے علاقے کو دہشتگردوں سے آزاد کرانے کیلئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل قرار دیا۔ شام کے وزیر دفاع نے الملیحہ میں اس شہر کے عوام کے نام، شام کے صدر بشار اسد کا پیغام بھی پڑھکر سنایا۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی حالت میں کہ شام میں مسلح دہشتگرد گروہوں کو مغربی اور بعض علاقائی ملکوں کی مکمل حمایت حاصل ہے، ان دہشتگردوں کے مقابلے میں شامی فوجیوں کی کامیابی، قابل ذکر اہمیت کی حامل ہے۔
.......
/169