اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے فلسطین پر غاصبانہ قبضے کو عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔ انھوں نے عالم اسلام کی طلباء انجمنوں کی یونین کے نام اپنے ایک پیغام میں، تینتیس روزہ جنگ میں غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں لبنان کی اسلامی مزاحمت کی کامیابی کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے، فلسطین کے مسئلے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے تاکید کے ساتھ کہا کہ مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ اور مختلف شعبوں میں ترقی کے عمل کو مضبو ط بنائے جانے کے دائرے میں مسلمانوں کے درمیان ہمہ جہتی تعاون، اس بات کا متقاضی ہے کہ اتحاد کے تحفظ پر ماضی سے کہیں زیادہ توجہ دی جائے۔انھوں نے بعض مسلمانوں کی جانب سے انتہا پسندی کا مظاہرہ کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تفرقے و اختلاف کے منفی نتائج کی جانب اشارہ کیا اور امید ظاہر کی کہ عالم اسلام کی طلباء انجمنوں کی یونین، عالم اسلام کے اہم مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مسجد الاقصی، بیت المقدس اور فلسطین کو آزاد کرانے کی کوششوں کے تناظر میں اتحاد کے حصول اور تعاون و یکسوئی کے طریقوں کو کامیاب بنائے گی۔
.......
/169