7 اگست 2014 - 08:37
قتل و غارت گری پر قائم حکومت کے اقتدار کا خاتمہ انتہائی قریب ہے: طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اکتیس اگست تک موجودہ حکمرانوں کا اقتدار ختم ہوجائے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ لاہور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق چوہدری شجاعت حسین، مجلس وحدت مسلمین اور دیگر ہم خیال جماعتوں کے رہنماوٴں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا کہ قتل و غارت گری اور جھوٹ پر قائم حکومت کے اقتدار کا خاتمہ انتہائی قریب ہے۔ ملک میں بادشاہت قائم کرکے غریبوں کا اربوں روپیہ لوٹا جا رہا ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ جو حکمران انسانوں کو حقوق دینے کو تیار نہیں وہ کس جمہوریت کے ڈی ریل ہونے کی بات کر رہے ہیں ۔ عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس میں انہیں پھنسانے کی حکومتی سازش بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد وفاق کو رپورٹ ارسال کی ہے کہ پوری دنیا میں ایک روپے کی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ یوم شہداء کے بعد یوم انقلاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا لیکن اسی ماہ کے اختتام تک حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔  
۔یاد رہے ڈاکٹر طاہر القادری اور انکے دیگر اتحادیوں نے ایک بار پھر انقلاب مارچ کی تاریخ تو نہیں بتائی، تاہم کہا ہے کہ اکتیس اگست سے پہلے انقلاب مارچ ہو کر رہے گا اور یکم ستمبر 2014ء کو نواز شریف، شہباز شریف حکمران نہیں رہیں گے۔ادھرپنجاب بھر میں پاکستان عوامی تحریک(پی اے ٹی) کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور مختلف شہروں سے درجنوں کارکنوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق پولیس کی بھاری نفری اس وقت منہاج سیکریٹریٹ کے اردگرد پہنچنا شروع ہوگئی ہے جبکہ ماڈل ٹاؤن میں ڈاکٹر طاہر القادری کے گھر کو جانے والی سڑکوں کو بھی سیل کرنا شروع کر دیاگیا ہے۔
مختلف شہروں سے عوامی تحریک کے کارکنوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔درایں اّثنا مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس نے حکومتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے عوامی احتجاج کو نہیں روکا جا سکے گا انہوں نے خبردار کیا کہ طاقت کے استعمال سے بھیانک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲