اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں فوج کو کسی سیاسی مقصد کے تحت نہیں بلایا، 14اگست کے معاملے کو سیاسی طور پر ڈیل کریں گے۔ ادھر حمزہ شہباز کہتے ہیں فوج کو دہشت گردی کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے بلایا گیا ہے،حالات سازگار ہونے پر واپس بھیج دیا جائے گا۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفت گو میں خواجہ آصف نے کہا کہ آرٹیکل 245 کے نفاذ کا 14 اگست سے کوئی تعلق نہیں،جاری آپریشن کے ردعمل سے بچانے کے لئے فوج کو بلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ اس فیصلے کو نامنظور کرتا ہے تو اس کا احترام کیا جائے گا۔ ایک صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور فوج کے درمیان کوئی تنائو نہیں یہ تاثر غلط ہے۔ ادھرپارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ اسلام آباد میں اہم تنصیبات ہیں، دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کو روکنے کے لیے فوج کو بلایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھرنوں کی سیاست کا وقت نہیں، قوم نے انہیں پانچ سال کے لیے مینڈیٹ دیا ہے، کسی کو جلد بازی نہیں کرنی چاہئے۔
.....
/169