اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ برطانوی اخبار گارڈین نے آج کی اشاعت میں قطر میں غیر ملکی مزدوروں پر جاری ظلم و ستم کے بعض گوشوں سے پردہ اٹھایا ہے اور لکھا ہےکہ قطری ٹھیکیدار زیادہ کام اور مشقت بھرا کام لے کر بہت کم تنخواہ دیتے ہیں اور یہ ایک طرح سے بردہ داری ہے نیز اس سے عالمی قوانین کی پامالی ہوتی ہے۔ واضح رہے قطر میں بیرونی مزدور نہایت ہی کم تنخواہوں پر لمبی شفٹوں میں کام کرتے ہیں اور قطر کے حکام نے ان کے پاسپورٹ اپنے پاس رکھ لئے ہیں جس کی وجہ سے وہ قطر سے نکل بھی نہیں سکتے۔ غیر سرکاری تنظیموں نے قطر میں غیر ملکی مزدورون کی صورتحال کو ماڈرن بردہ داری سے تعبیر کیا ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ نے قطر میں مزدوروں کے حقوق کی پامالی کے مسئلے پرایک اجلاس کیا تھا جس میں قطر کی حکومت سے مطالبہ کیا گيا تھا کہ وہ مزدوروں کے حقوق کا احترام کرے۔ بتایا جاتا ہے جب سے قطر نے دوہزار بائيس میں فوٹبال ورلڈ کپ کرانے کا اعلان کیا ہے اس زمانے سے ان مقابلوں کے لئے بنائي جارہی تنصیبات میں چوبیس گھنٹوں کام ہورہا ہے جس میں مزدروں کے حقوق پامال کئے جاتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲