اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطین میڈیا سیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی فوج کے ترجمان اویخائي ادرعی نے آج صبح اعلان کیا کہ ان 16 ہزار ریزرو فوجیوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور یہ فوجی غزہ کی سرحد پر منتقل کیئے جائیں گے، اس طرح غزہ کی سرحد پر تعیینات صہیونی فوجیوں کی تعداد 86 ہزار ہوجائے گی۔ اس درمیان صہیونی حکومت کے ٹی وی چینل ٹو نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی جنگ میں شدید زخمی ہونے والے 140 فوجیوں کو فوجی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جن میں 16 سے زیادہ زخمی فوجی دماغی موت کا شکار ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ غاصب صہیونی حکومت اپنے فوجیوں کے حوصلوں کے پست ہونے کو روکنے کے لئے، غزہ کی جنگ میں ہلاک و زخمی ہونے والے اپنے فوجیوں کی صحیح اعداد و شمار منظر عام پر نہیں لارہی ہے۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے مقبوضہ فلسطین کی صہیونی کالونیوں پر اپنے میزائیلی حملوں کو جاری رکھا ہوا ہے۔ صہیونی حکومت کے ایک اعلی فوجی افسر نے اپنا نام ظاہر نہ ہونے کی شرط پر بتایا ہے کہ گذشتہ روز غزہ کی فضائی حدود میں اسرائیل کے جنگي طیاروں کو شدید قسم کے میزائيلی حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی فوجی شاخ عزالدین قسام بریگیڈ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دو صہیونی فوجیوں کو ہلاک کردیا، جبکہ صہیونی کالونی بئر السبع پر بھی آٹھ میزائل فائر کئے ہیں، جس کے نتیجے میں صہیونی کالونیوں کے آبادکاروں میں شدید قسم کا خوف و ہراس پھیل گيا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲