اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے آج ترکی کے وزیراعظم اردوغان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے غزہ پر صیہونی حکومت کی جارحیت اور اس علاقے کا محاصرہ ختم کروانے کےلئے اسلامی ملکوں کے موثر اقدامات کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ صدر مملکت نے رجب طیب اردوغان سے گفتگو میں کہا کہ اگر مصر تعاون کرے اور ساز وسامان کی ترسیل کا موقع فراہم کرے تو ایران اور ترکی عالم اسلام کی امداد جمع کرکے غزہ کے عوام تک پہنچانے کی منصوبہ بندی کرسکتے ہیں۔ صدرجناب حسن روحانی نے عراق و شام میں دہشتگردی کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے علاقے میں امن قائم کرنے کی ضرورت پر تاکید کی۔ اس ٹیلیفونی گفتگو میں ترک وزیر اعظم رجب طیب اردغان نے اپنی حکومت اور قوم کی جانب سے ملت ایران اور حکومت کوعید سعید فطر کی مبارکباد پیش کی۔ رجب طیب اردوغان نے آئندہ ہفتے تہران میں ناوابستہ تحریک میں فلسطین کمیٹی کے وزرا خارجہ کے اجلاس بلانے کا خیر مقدم کیا۔ ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صحت نے ترکی کے وزیر صحت سے ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کے بے دفاع عوام کو امداد بھیجنے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔انہوں نے کہاکہ صیہونی حکومت کےحملوں کے بعد ہی ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے غزہ کے لئے امداد جمع کرنا شروع کردی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے اسپتالوں میں غزہ کے فلسطینوں کا علاج کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایران کے وزیر خارجہ کی کوششوں سے غزہ کے لئے ایک طیارے میں طبی امداد آمادہ ہے تا ہم اس سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون نہیں کیاجارہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲