اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کی مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس دینی غیرت اور جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر پریس کلب راولپنڈی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے القدس آل پارٹیز پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس پریس کانفرنس میں شریک مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے جمعۃ الوداع کو پاکستان بھر میں یوم القدس دینی غیرت اور جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں اسرائیلی جارحیت اور اس کے انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے خلاف مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا اور اسرائیل و امریکہ کے پرچم نذر آتش کئے جائیں گے۔ رہنماﺅں نے اقوام متحدہ سے انسانیت کے قاتل اسرائیل کی رکنیت ختم کرنے، او آئی سی اور مسلم حکمرانوں سے قبلہ اول بیت المقدس پر قابض اسرائیل کے خلاف شرعی جہاد کرنے، فلسطین کے حساس مسئلے پر فی الفور اسلامی سربراہ کانفرنس بلوانے، پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے اقوام متحدہ اور اسرائیل پر زور ڈالنے اور اپنے اپنے ممالک کی جانب سے نہتے مظلوم فلسطینیوں کی امداد و نصرت کیلئے افواج کے دستے بھیجنے کیلئے متفقہ پرزور مطالبات کئے۔ مذہبی و سیاسی رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم عالم اسلام کی غیرت ایمانی کیلئے کھلا چیلنج ہیں۔ فلسطین کے مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلانے کیلئے حسینی کردار ادا کرنا ہوگا۔ دوسری جانب سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی ہدایت پر جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا۔ اس روز ملک بھر میں علمائے اہلسنّت مسئلہ فلسطین کو خطباتِ جمعہ کا موضوع بنائیں گے اور جمعۃ الوداع کے اجتماعات میں اسرائیلی جارحیت اور بربریت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور نماز جمعہ کے بعد اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کئے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲