15 جولائی 2014 - 14:45
ایران کے ساتھ سمجھوتے کا حل ناممکن نہیں ہے: جان کیری

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے گفتگو کے بعد وہ اب واشنگٹن میں امریکی صدر بارک اوبامہ سے، بعد کے اقدامات کے بارے میں گفتگو کریں گے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے گفتگو کے بعد وہ اب واشنگٹن میں امریکی صدر بارک اوبامہ سے، بعد کے اقدامات کے بارے میں گفتگو کریں گے۔ انھوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ امریکی کانگریس کو بھی ایران کے وزیر خارجہ سے ہونے والی گفتگو کے نتائج سے باخبر کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ واشنگٹن کی سرگرمیاں جاری ہیں اور ایران کے جوہری مسئلے کا حل موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر چہ بعض مسائل پر اختلافات جاری ہیں تاہم خاصی پیشرفت بھی ہوئی ہے اور سمجھوتے کا حصول ناممکن نہیں ہے۔ جان کیری نے کہا کہ امریکہ جوہری ہتھیاروں کے بارے میں رہبرانقلاب اسلامی کے فتوے کو بہت سنجیدگی سے لے رہا ہے۔دوسری جانب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کے ترجمان مائکل مین نے العالم سے گفتگو میں کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو سے مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے۔مائکل مین نے ذرائع ابلاغ کی جانب سے پیش کی جانے والی بہت سی باتوں کی قیاس آرائی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ جوہری سمجھوتے کے حصول میں تمام فریق سنجیدہ ہیں تاہم فی الحال اس سمجھوتے کے وقت کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہ سکتے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲