15 جولائی 2014 - 12:04
 ڈاکٹرلاریجانی: صہیونی جارحیت کے مقابلے میں مظلوم عوام کا دفاع کیا جائے

اسلامی جمہوریۂ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے صہیونی حکومت کی جارحیتوں کے مقابلے میں فلسطین کے مظلوم عوام کے دفاع پر تاکید کی ہے ۔

ابنا: رپورٹ کےمطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے آج تہران میں پارلیمنٹ کے کھلےاجلاس میں کہا کہ آج کا یہ اجلاس ، صہیونی حکومت کے مقابل فلسطینی مزاحمت کی حمایت میں منعقد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ آج کے پارلیمانی اجلاس میں تہران میں فلسطین کے سفیر صلاح زواوی اور تحریک حماس اورجہاد کے نمائندے شریک تھے ۔ ڈاکٹر لاریجانی نے علاقے میں مسلمانوں کے درمیان تکفیری گروہوں اور دہشت گردوں کے ذریعے تفرقہ ڈالے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں فلسطین اور اس سرزمین کے مظلوم عوام کے دفاع کا مسئلہ ، مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کےوجود میں آنے کا سبب بن سکتا ہے ۔ اس اجلاس میں تہران میں فلسطین کے سفیر نے کہا کہ ملت فلسطین آزادی اور کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور اس میں شک نہیں کہ غزہ کی جنگ ، ایک عظیم کامیابی اور مغربی منصوبوں کی ناکامی کا آغاز ثابت ہوگي ۔ زواوی نے ان جارحیتوں کے مقابلے میں عالمی برادری کی خاموشی کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ان اقدامات کے مقابلے میں خاموشی ، ان اداروں کی خاموشی کی مانند ہے جو مقتول کے مقابلے میں قاتل کا دفاع کرتے ہیں اور مجرموں کا جرم ثابت ہونے کے بعد بھی ان کی حمایت کرتے ہیں ۔ تہران میں فلسطین کے سفیر نے ایران کی جانب سے ملت فلسطین کی ہمہ جانبہ حمایت کی قدردانی کی اور کہا کہ مزاحمت جاری رہنے سے فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی حتمی ہے ۔

.....

/169